کاروار، 22؍ مئی (ایس او نیوز) ضلع شمالی کینرا کے ایس پی شیو پرکاش دیوراج نے انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ 22 سے 24 مئی کی صبح تک جو ویک اینڈ لاک ڈاون لاگو کیا گیا ہے اس کے دوران بلاضرورت گھر سے باہر نکلنے والوں کے خلاف کڑی کارروائی کی جائے گی۔
ایس پی نے کاروار اپنے دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ضلع میں کورونا وباء سے متاثرین کی تعداد روزانہ بڑھتی جارہی ہے۔ کُل 57 گرام پنچایتوں اور شہروں کے بعض وارڈس کو اسیپشل کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بقیہ دنوں میں بھی کاروار، سرسی، ڈانڈیلی، یلاپور، منڈگوڈ اور سداپور تعلقہ جات میں مکمل لاک ڈاون لاگو کیا گیا ہے۔ اسی طرح ضلع انچارج وزیر کی ہدایت کے مطابق ضلع ڈپٹی کمشنر نے 22 سے 24 مئی تک پورے ضلع میں مکمل لاک ڈاون کا اعلان کیا ہے، جس کے بعد محکمہ پولیس کی طرف سے ہر جگہ بندوبست کیا گیا ہے۔
ایس پی نے مزید بتایا کہ جن علاقوں کو اسپیشل کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں روز مرہ کی ضروری چیزیں ان کے گھروں تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ وہاں پر متاثرین کے لئے جو میڈیکل کِٹ درکار ہے وہ فوری طور پر پہنچانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ کسی کو بھی باہر نکلنے کی ضرورت پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ کووڈ دوسری لہر کے دوران جو شادی کی تقاریب ہوئی تھیں اس کی وجہ سے دیہی علاقوں میں وباء بڑے پیمانے پر پھیلنے کی بات سامنے آئی ہے۔ اس لئے اب کسی بھی قسم کی تقریب یا اجلاس منعقد کرنے کے لئے موقع نہیں رہے گا۔ اور جو لوگ اس کی خلاف ورزی کریں گے ان پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کووڈ گائڈ لائنس کی خلاف ورزی کرنے والوں پر اب تک کی گئی کارروائی کی تفصیل بتاتے ہوئے ایس پی نے کہا کہ ضلع بھر میں ماسک نہ پہننے والے 14237 افراد سے 14,59,310 روپے جرمانہ وصول کیا گیا۔ 85 موٹر گاڑیاں ضبط کی گئیں اور 448 پر کیس داخل کیا گیا۔ لاک ڈاون کے دوران غیر ضروری طور پر سڑکوں پر دوڑنے والی 2,655 گاڑیوں کے خلاف کیس درج کیا گیا۔
251 پولیس افسران اور اہلکار ہوئے کووڈ سے متاثر : ضلع شمالی کینرا میں خود سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت کُل 251 پولیس والے کووڈ کی زد میں آ گئے ہیں۔
ان متاثرین میں 188 متاثرین فی الحال صحت یاب ہوگئے ہیں۔ بقیہ 63 متاثرین میں سے 62 افراد ہوم کوارنٹین میں ہیں اور ایک اہلکار کو کووڈ سینٹر میں داخل کیا گیا ہے۔ تمام متاثرین کی کیفیت مستحکم ہے۔ ضلع کے پولیس افسران اور اہلکاروں کو کووڈ سے بچانے کے لئے تمام احتیاطی تدابیر کی اختیار کی گئی ہیں۔ پولیس عملہ اور ان کے اہل خانہ کے لئے ایک الگ ہی کووڈ کیئر سینٹر قائم کیا گیا ہے۔